اس صفحے پر ہم صحیح مسلم سے چند احادیث جمع کر رہے ہیں، جن پر ہم عنوان بھی قائم کریں گے اور اس کی مختصر سی وضاحت بھی لکھیں گے۔
خواب کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
فَإِذَا حَلَمَ أَحَدُکُمْ حُلْمًا يَکْرَهُهُ فَلْيَنْفُثْ عَنْ يَسَارِهِ ثَلَاثًا وَلْيَتَعَوَّذْ بِاللَّهِ مِنْ شَرِّهَا فَإِنَّهَا لَنْ تَضُرَّهُ
ترجمہ:
جب تم میں سے کوئی برا خواب دیکھے تو اسے چاہیے کہ اپنی بائیں طرف تین بار (معمولی سا) تھوک دے اور اسے چاہیے کہ اس خواب کے شر سے اللہ کی پناہ مانگے، اس طرح اسے وہ خواب نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب:
برے خواب شیطان کی طرف سے ہوتے ہیں، شاید وہ بائیں طرف رہ کر اپنا کام کرتا ہے، اس لیے بائیں طرف تین تین بار تھو تھو کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اگر آپ تھوکتے نہیں بھی ہیں، صرف دعا بھی کرتے ہیں تو بھی ان شاء اللہ آپ کو یہ خواب نقصان نہیں پہنچا سکےگا، برے خواب کے حوالے سے کچھ آداب ہیں، اسے کسی کو سنانا نہیں چاہیے، جب خواب آئے تو کروٹ بدل کر سونا چاہیے۔
اچھی صحبت کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
هُمُ الْقَوْمُ لَا يَشْقَى بِهِمْ جَلِيسُهُمْ
ترجمه:
اللہ تعالی مجلس ذکر کے تمام لوگوں کی جب بخشش کا اعلان کرتا ہے ذکر کی مجلس سے آنے والے فرشتے عرض کرتے ہیں یا اللہ ان میں ایک بہت گناہ گار آدمی بھی تھا ،اللہ تعالی فرماتا ہے کہ میں نے اسے بھی بخش دیا کیونکہ ان کے ساتھ بیٹھنے والا بدبخت نہیں رہ سکتا۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب:
اس لیے ہمیں چاہیے کہ جہاں بھی ذکر و تلاوت کی محفل ہو اس میں شرکت کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔
ذکر کے بارے میں حدیث
حدیث شریف :
وَأَنَا مَعَهُ حِينَ يَذْكُرُنِي
ترجمہ:
جب میرا بندہ میرا ذکر کرتا ہے تو میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔
(صحیح مسلم )
توجہ طلب:
الله كے ساتھ ہونے سے مراد یہ ہے کہ اللہ کی رحمت ساتھ ہوتی ہے، اللہ کی مدد ساتھ ہوتی ہیں، اللہ کی توفیق ساتھ ہوتی ہے۔
اسماء حسنی کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
لِلَّهِ تِسْعَةٌ وَتِسْعُونَ اسْمًا، مَنْ حَفِظَهَا دَخَلَ الْجَنَّةَ
ترجمہ:
اللہ تعالی کے ننانوے نام ہیں جو انہیں یاد کرے گا وہ جنت میں جائے گا۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب :
اس لیے ہمیں اپنے بچوں کو بچپن میں ہی یہ اسماء یاد کروا دینے چاہییں تاکہ وہ اس فضیلت کو حاصل کر سکیں،بعض علماء نے یہ بھی کہا ہے کہ جو انہیں یاد کرے گا اور دعا میں استعمال کرتا رہے گا وہ جنت میں جائے گا، بعض علماء نے یہ بھی کہا ہے کہ جو ان اسماء کو یاد کرے گااور ان کے تقاضوں پر عمل کرے گا وہ جنت میں جائے گا، مختصر یہ ہے کہ صرف یاد کرنے سے یہ فضیلت ملنے کا امکان موجود ہے، اس لیے اسے بھی معمولی نہیں سمجھنا چاہیے ۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا
حدیث شریف:
كَانَ أَكْثَرُ دَعْوَةٍ يَدْعُو بِهَا يَقُولُ: اللهُمَّ آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً، وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ
ترجمہ:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اکثر یہ دعا مانگتے تھے، اے اللہ ! ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما اور آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب:
ہمیں بھی چاہیے کہ ہم جب بھی دعا مانگیں تو اس میں دنیا و آخرت دونوں کو پیش نظر رکھیں۔
دعا کے بارے میں حدیث
حدیث شریف :
إِذَا دَعَا أَحَدُكُمْ فَلْيَعْزِمْ فِي الدُّعَاءِ
ترجمہ:
جب تم میں سے کوئی دعا کرے تو پورے یقین اور پوری شدت سے كرے ۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب:
عزم کے معنی علمائے کرام نے دو بیان کیے ہیں، پہلا معنی یہ ہے کہ وہ پورے یقین کے ساتھ دے مانگے کہ قبول ہو گی اور دوسرا معنی یہ بیان کیا ہے کہ وہ پوری شدت کے ساتھ گڑگڑا کر دعا مانگے۔
بیماری سے شفاء کیلئے وظیفہ
حدیث شریف:
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر والوں میں سے کوئی بیمار ہوجاتا تو آپ قل اعوذ برب الفلق اور قل اعوذ برب الناس پڑھ کر دم کرتے تھے۔
(صحیح مسلم، باب رقیۃ المریض بالمعوذات)
توجہ طلب:
ہمیں بھی بیماریوں میں اپنے اہل خانہ پر یہ سورتیں پڑھ کر دم کرنی چاہییں۔
اولیاء کرام کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
بہت سے بکھرے اور پراگندہ بالوں والے لوگ جنہیں (حقارت کی وجہ سے ) دروازوں سے ہٹا دیا جاتا ہے (وہ اللہ کی بارگاہ میں اتنے مقبول ہوتے ہیں کہ ) اگر اللہ کے یقین پر قسم کھالیں تو اللہ ان کی بات کو پورا فرما دیتا ہے۔
(صحیح مسلم، کتاب البر والصلۃ)
توجہ طلب:
اس لیے ہمیں کسی فقیر سے الجھنا نہیں چاہیے، اسے تنگ نہیں کرنا چاہیے بلکہ جہاں تک ممکن ہو اس سے نیکی کرنی چاہیے۔
جانوروں کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
ایک عورت نے بلی کو باندھ دیا، وہ اسے کھلاتی پلاتی بھی نہیں تھی، نہ اسے آزاد چھوڑتی تھی کہ وہ حشرات الارض یعنی زمین کے کیڑے مکوڑے ہی کھا کر جان بچا لے، (وہ بلی بھوک پیاس سے مر گئی)اللہ تعالی نے اس بلی کی وجہ سے اس عورت کو عذاب میں مبتلاء کیا۔
(صحیح مسلم، باب حرمۃ تعذیب الھرۃ و نحوھا)
توجہ طلب:
پرندوں اور جانوروں کو گھروں میں پالنا جائز ہے، انہیں مناسب سائز کے پنجروں میں قید کرنا بھی جائز ہے البتہ ان کے کھانے پینے کا اچھے طریقے سے انتظام کرنا فرض ہے، اسی طرح انہیں سردی گرمی کے موسمی اثرات سے بچانا بھی فرض ہے۔
غیرت کے بارے میں حدیث
حدیث شریف
کوئی اللہ سے زیادہ غیر مند نہیں ہے، اپنی غیرت کی وجہ سے ہی اس نے بے حیائی کو حرام کیا ہے ۔
(صحیح مسلم )
توجہ طلب:
اس دور میں کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ غیرت آنا کوئی اچھا جذبہ نہیں ہے، انہیں اس حدیث سے سبق لینا چاہیے۔
نیکی نیتی اور خیر خواہی پر حدیث
حدیث شریف:
ایک درخت یا جھاڑی کی ٹہنیاں مسلمانوں کو تکلیف دیتی تھیں، ایک آدمی نے آکر اس کو کاٹ دیا، اللہ تعالی نے اسی عمل کی وجہ سے اسے جنت میں داخل فرما دیا۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب:
ہمیں بھی ہر چیز کو ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو مسلمانوں کو تکلیف دیتی ہے،مثلا ایسے ظالمانہ قوانین جو مسلمانوں کو تکلیف دیتے ہیں، انہیں ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا
حدیث شریف :
ایک شخص کو راستے میں ایک کانٹا نظر آیا ، اس نے اس کانٹے کو راستے سے ہٹا دیا ، اللہ تعالی نے اسی عمل کی وجہ سے اس کی بخشش فرما دی ۔
(صحیح مسلم )
مساکین کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، میں جنت کے دروازے پر کھڑا تھا تو میں نے دیکھا اس میں داخل ہونے والے اکثر مسکین لوگ تھے۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب :
مساکین لوگ دنیا میں بہت مشکلات دیکھتے ہیں، ان پریشانیوں کے بدلے میں انہیں آخرت میں یہ صلہ ملے گا کہ وہ اکثر مال داروں سے پہلے جنت میں جائیں گے اور جنت میں اکثر فقیر اور مسکین لوگ ہی ہوں گے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا
حدیث شریف:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعاؤں میں سے ایک دعا یہ بھی تھی، اے اللہ میں تجھ سے تیری نعمت کے زوال سے اور تیری عافیت اور صحت کے پلٹ جانے سے اور اچانک مصیبت آجانے اور تیری ہر قسم کی ناراضگی سے پناہ مانگتا ہوں۔
(صحیح مسلم)
اچھے گمان کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
اللہ تعالی فرماتا ہے میں اپنے بندے سے ویسا ہی معاملہ فرماتا ہوں جیسا وہ میرے بارے میں گمان رکھتا ہے۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب:
اس لیے ہمیں اللہ تعالی سے ہمیشہ اچھا گمان رکھنا چاہیے تاکہ اللہ تعالی ہم سے اچھائی کا معاملہ فرمائے۔
تقدیر کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
ہر آدمی کیلئے وہ عمل آسان ہے جس کیلئے وہ پیدا کیا گیا ہے۔
(صحیح مسلم )
توجہ طلب:
خوش قسمت لوگوں کیلئے نیکی آسان ہوجاتی ہے اور بد قسمت لوگوں کیلئے برے کام آسان ہو جاتے ہیں, ہمیشہ اللہ سے دعا مانگتے رہنا چاہیے کہ اے اللہ ہمارے لیے نیکیوں کو آسان فرما۔
نیکی کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
سب سے بڑی نیکی یہ ہے کہ کوئی شخص اپنے باپ کے دوستوں سے نیکی کرے۔
(صحیح مسلم)
توجہ طلب:
اس کا سبب یہ ہے کہ اس سے باپ کے دل میں خوشی داخل ہو گی۔
منافق کے بارے میں حدیث
حدیث شریف:
منافق کی علامت انصار (صحابہ) سے بغض ہے۔
(صحیح مسلم)
مزید یہ بھی پڑھیے:
جمعہ کی فضیلت کے بارے میں احادیث
نماز کے طریقے کے بارے میں احادیث
COMMENTS