سوال:
پرانے کپڑے پہننا بھی کیا ثواب کا کام ہے؟
جواب:
اگر کوئی شخص اس وجہ سے پرانے کپڑے پہنتا ہے کہ ان کی وجہ سے نفس میں غرور اورتکبر نہیں پیدا ہوگا تو یقینا یہ کار ثواب ہے ۔
شاید یہی وجہ تھی کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ اپنے دور خلافت میں بھی ایسی چادر اوڑھ کر رکھتے تھےجس پر چودہ چودہ پیوند لگے ہوتے تھے، پرانے کپڑوں کے حوالے سے یہ حدیث شریف بھی ہے:
إِنَّ الْبَذَاذَةَ مِنَ الْإِيمَانِ
ترجمہ:
بے شک پرانے اور بوسیدہ کپڑے پہننا ایمان میں سے ہے ۔
(سنن ابو داؤد، کتاب الترجل)
اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمیشہ عمدہ اور اعلی لباس پہننے سے نفس میں غرور اور تکبر پیدا ہو جاتا ہے اور پرانے کپڑے پہننے سے عاجزی پیدا ہوتی ہے ،اس حوالے سے حضرت عیسی علیہ السلام سے بھی مروی ہے:
جودة الثياب خيلاء القلب
عمدہ کپڑے دل کے تکبر کا باعث ہیں ۔
شاید یہی وجہ ہے جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نئے کپڑے پہنتے تو اس میں موجود شر سے پناہ بھی مانگتے تھے۔
کپڑے پہننے کی دعا
اللَّهُمَّ لَکَ الْحَمْدُ أَنْتَ کَسَوْتَنِيهِ أَسْأَلُکَ مِنْ خَيْرِهِ وَخَيْرِ مَا صُنِعَ لَهُ وَأَعُوذُ بِکَ مِنْ شَرِّهِ وَشَرِّ مَا صُنِعَ لَهُ
ترجمہ:
اے اللہ آپ کی تعریف ہے آپ نے ہی مجھے یہ کپڑا پہنایا ہے آپ سے ہی اس کی خیر کا سائل ہوں اور جس مقصد کے لیے یہ کپڑا بنایا گیا ہے اس کی بھی خیر کا سائل ہوں اور اس کے شر سے اور جس کے لیے یہ بنایا گیا ہے اس کے شر سے آپ کی پناہ مانگتا ہوں۔
COMMENTS