شب قدر کسے کہتے ہیں؟
شب قدر رمضان المبارک کی ایک خاص رات ہے، جو متعین نہیں ہے بلکہ رمضان کے آخری عشرے کی کسی بھی رات میں ہو سکتی ہے۔
شب قدر کی فضیلت کیا ہے؟
اس رات کو اللہ تعالی نے برکت والی رات فرمایا ہے، اس رات میں ہی قرآن کریم نازل ہوا تھا، اس رات کو اللہ تعالی نے ہزار مہینوں سے افضل رات قرار دیا ہے۔
حدیث شریف میں لیلۃ القدر کے متعلق یہ بیان کیا گیا ہے
جو شخص ایمان کی حالت میں اچھی نیت کے ساتھ اس رات کا قیام کرے گا تو اس کے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔
شب قدر کس رات کو ہوتی ہے؟
شب قدر رمضان کے پورے آخرے عشرے میں ہو سکتی ہے، یاد رہے کہ لیلۃ القدر جفت رات میں بھی ہو سکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رمضان کے پورے آخری عشرے میں اس کی تلاش کیلئے بہت محنت کرتے تھے۔
لیلۃ القدر کس رات میں ہونے کی زیادہ امید کی جاسکتی ہے؟
لیلۃ القدر آخری عشرے کی طاق راتوں یعنی اکیس، تیئیس، پچیس، ستائیس اور انتیس میں ہونے کی زیادہ امید ہے ۔
کیا ستائیس رمضان کو شب قدر ہوتی ہے؟
یہ رات ستائیس میں ہو یہ لازمی نہیں ہے البتہ ستائیس میں ہونے کی سب سے زیادہ امید کی جاسکتی ہے۔
شب قدر میں کون کونسے اعمال کرنے چاہییں؟
شب قدر کی کوئی مخصوص عبادت نہیں ہے، آپ کوئی بھی عبادت کا طریقہ اپنا سکتے ہیں جو آپ کو آسان لگے، جس میں آپ کا زیادہ دل لگے، اگر آپ شب قدر میں نوافل آسانی سے پڑھ سکتے ہیں تو نوافل پڑھیں، اگر آپ تلاوت قرآن شوق سے کر سکتے ہیں تو تلاوت قرآن کریں، اگر آپ ذکر، دعا اور استغفار زیادہ اچھے طریقے سے کر سکتے ہیں تو وہ طریقہ اختیار کریں یعنی جس طریقے میں آپ کو سہولت ہو وہی طریقہ اختیار کریں البتہ اس رات میں ضرور اپنے سابقہ گناہوں سے معافی مانگیں اور مستقبل میں نیکی کے کام کرنے کا مستقل ارادہ کریں ۔
شب قدر کے نوافل کیسے پڑھتے ہیں؟
بعض علماء نے شب قدر کے مخصوص نوافل بتائیں ہیں، ان کو دو دو رکعت کرکے پڑھتے ہیں اور ان میں سورت فاتحہ کے بعد سورۃ القدر پڑھتے ہیں، اس رات میں کتنے نوافل پڑھنے چاہییں یہ آپ پر منحصر ہے اگر آپ سو پڑھ سکتے ہیں تو سو پڑھیں ورنہ جتنے بھی آپ آسانی سے پڑھ سکیں اتنے پڑھ لیں اور باقی اوقات میں دوسری عبادات کر لیں ۔
کیا شب قدر کی کوئی خاص دعا بھی ہے ؟
ایک دعا حضرت عائشہ رضی اللہ عنھا سے مروی ہے انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوچھا، یا رسول اللہ اگر میں لیلۃ القدر کو پا لوں تو کیا دعا مانگوں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تم یہ دعا مانگنا
اے اللہ ! بے شک تو معاف کرنے والا ہے، معافی کو پسند کرتا ہے مجھے معاف فرما۔
اس دعا کے عربی الفاظ یہ ہیں
اللَّهُمَّ، إِنَّك عَفْو تحب الْعَفو فَاعْفُ عني
COMMENTS